قونصل ویزا سیکشن جدہ خالد عظیم کےاعزازمیں ظہرانہ

223

پاکستان ایگزیکٹو گروپ (پی ای جی) کے سینئر رکن ڈاکٹر منصور میمن نے پاکستان قونصلیٹ کے قونصل ویزا سیکشن خالد عظیم عطا کے 3 سالہ مدت ملازمت مکمل کرکے پاکستان روانہ ہونے پرایک ظہرانے کااہتمام کیا، جس میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ نئے آنے والے قونصل ویزا سیکشن طارق ملک، قونصل پریس سید حمزہ سلیم گیلانی، قونصلیٹ کے دیگرافسران، کاروباری، سیاسی، سماجی شخصیات اور میڈیا کے نمایندے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
ڈاکٹرمنصور نے مہمانوں کا خیر مقدم کرنے کے بعد خالد عظیم کی رفاقت اورکمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پیغام محبت اور خوشیاں بانٹنا ہے۔
ملے گا کیا دلوں میں نفرتیں رکھ کر
بڑی مختصر سی ہے زندگی مسکرا کر ملا کرو
قونصل جنرل خالد مجید نے ڈاکٹر منصور میمن کوعوامی سفیرکہتے ہوئے اپنے خطاب کا آغاز کیا۔ انہوں نے بہترین مہمان نوازی اور سماجی وفلاحی خدمات پر میزبان کو خراج ِ تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے سبکدوش ہونے والے افسر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ خالد عظیم نے قونصلیٹ میں ٹیم کے اہم رکن کی حیثیت سے اپنی خدمات بڑی عمدگی سے انجام دیں۔
اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستانی مندوب رضوان سعید شیخ نے کہا کہ خالد عظیم نے کشمیرکے حوالے سےکام کرنے میں میری بہت مدد کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئے آنے والے افسر بھی خاص طور پرکشمیرکے سلسلے میں ا ن کی رہنمائی اور ہرممکن مدد فراہم کریں گے۔
خالد عظیم نے اپنے مختصر خطاب میں ڈاکٹر منصور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھی اگر کسی فرد کو کسی کام کی ضرورت ہوئی تو میں حتی الامکان اس کی مدد کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے ظہرانے کا اہتمام کرنے پر میزبان کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں شرکا کی جانب سے ڈاکٹر منصور میمن نے خالد عظیم کی مستقبل میں کامیابیوں اور صحت کے لیے دعا کی اور روایتوں کو برقرار رکھنے ہوئے ثقافتی تحفے کے طور پر انہیں اجرک پہنائی۔