پی ٹی آئی (ریاض) کے تحت جشن آزادی کی تقریب

273

سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جشن آزادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کارکنوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کے بعد خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان ریاض کے ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ اورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ ہم سب سندھی، بلوچی، پختون، یا پنجابی بعد میں ہیں، سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور یہی ملک کا سفیر ہونے کی علامت ہے۔ پی ٹی آئی (سعودی عرب) کے صدر عقيل آرائیں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔ آج وزیر اعظم عمران خان کے وژن سے پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گا۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا تاکہ آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل مل سکے۔
پی ٹی آئی (ریاض) کے صدر شبریز اختر نے کہا کہ پاکستان کی عمارت میں اینٹ کی جگہ ہمارے بزرگوں کی ہڈیاں اور پانی کی جگہ خون شامل ہے، تب جاکر ہم نے آزادی حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین جن میں سید بخت شیر، طلعت محمود، تاج محمد، عمر خان ،شاہنواز ہندل، ساجد مانگٹ، عبداللہ ملک، تصدق گیلانی اور سردار رزاق شامل تھے، نے جشن آزادی کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں کورونا وائرس کے دنوں میں خدمات انجام دینے پر پارٹی کے ارکان میں شیلڈ تقسیم کی گئی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا۔