پاکستانی کمیونٹی کا شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت

281

سعودی عرب کے شہر دمام میں پاکستانی کمیونٹی نے یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا، جس کے مہمان خصوصی پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل سعودی عرب کے صدر ندیم اختر چودھری تھے جب کہ میزبانی کے فرائض احسان اللہ بھٹی نے انجام دیے۔
تقریب کا آغاز کرتے ہوئے پروفیسر احسان اللہ بھٹی نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور دنیا میں جہاں بھی کسی انسان پر کوئی ظلم ہوگا، ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ کشمیریوں نے اپنے حق اور آزادی کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کوئی بھی مذہب، قوم یا معاشرہ کسی کی آزادی کو مسخ کرنا قبول نہیں کر سکتا۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس سلسلے میں ہم پاکستانی اوورسیز سفارت خانے کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ میں پیش کردہ قراردادوں کی پاسداری کرتے ہوئے عالمی طاقتوں کی توجہ اس مسئلے کی طرف دلاتے رہیں گے۔ تقریب میں شریک اعتزا احمد، مقصود اسلم، آصف محمود، جاوید محمود، سہیل احمد، محمد عمران و دیگر نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ندیم اختر چودھری کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔