شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جے یو آئی (جدہ) کا اجلاس

330

شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمعیت علمائے اسلام (جدہ) کا اجلاس قاری محمد رفیع اللہ ہزاروی کی زیر صدارت ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نہتے عوام بزرگ، خواتین اورمعصوم بچوں پرمظالم کےپہاڑتوڑے جا رہے ہیں لیکن اقوام متحدہ، بین الاقوامی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس ظلم پرخاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں جوکہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (جدہ) کے جنرل سیکرٹری انجینئر عبدالصبور کاکہنا تھاکہ کشمیری عوام کی دی گئی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں اور وادی کشمیرمیں آزادی کا سورج ان شاء اللہ جلد طلوع ہوگا۔ سیکرٹری اطلاعات قاری حفیظ اللہ نےکہ بھارتی حکومت، جس نے کشمیر میں  اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑا رکھی ہیں، کو سزا دینے کے بجائے اسے عالمی اداروں کی رکنیت دی جا رہی ہے۔ اجلاس کے دیگر شرکا نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جان کی قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کشمیریوں کے بلند حوصلوں کی تعریف کی۔ اجلاس میں کشمیر، فلسطین اور بنگلا دیش کے کیمپوں میں محصور محب وطن پاکستانیوں اور برما کے مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی اور ظلم سےنجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اجلاس میں گزشتہ دنوں انتقال کرنے والے جماعت کے رہنماؤں اور علما خصوصاً کراچی میں جامعہ بنوریہ العالمیہ کے مفتی محمد نعیم، اسلام آباد کے مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاروی رحمت اللہ، مانسہرہ کے مولانا شاہ عبدالعزیزمرحوم،راول پنڈی کے شیخ الحدیث مولانا عبدالرؤف مرحوم، مولانا احسان ایازمرحوم اور دیگر وفات پانے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔