پاکستان پیپلز پارٹی (ریاض ریجن) کی آن لائن تقریب میں مولابخش چانڈیو کی شرکت

306

پاکستان پیپلز پارٹی (ریاض ریجن) کی جانب سے 5 جولائی یوم سیاہ کی مناسبت سے آن لائن پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں عہدے داروں اور کارکنوں کے علاوہ سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں سے وابستہ افراد اور صحافیوں نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز وسیم ساجد نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جب کہ نظامت کے فرائض عدیل اکبر رانا نے انجام دیے۔ آن لائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھ کر قوم میں احساس تحفظ پیدا کیا۔ مولا بخش چانڈیو نے آن لائن تقریب منعقد کرنے پر ریاض ریجن کے عہدے داروں اور کارکنوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں مڈل ایسٹ کے جنرل سیکرٹری محمد خالد رانا نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو آج تک لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں اور رہیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آئین و جمہوریت کے لیے بے مثال جدوجہد اور لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے آن لائن تقریب میں خصوصی شرکت کرنے پر سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب سے قاضی اسحاق میمن، مڈل ایسٹ ویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری فرح احسن، وسیم ساجد ، صداقت حسین بھرگوش ، یونس ابو غالب، پرویز گورسی، غلام نبی، ملک شفیق، ملک بلاول، ملک عبدالکریم، ملک بخت، قریب اللہ، فلک تاج، ہدایت اللہ، حیدر علی آتش اور سیکرٹری اطلاعات ریاض ریجن شریف بلوچ بھٹو نے بھی خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان کی ترقی کے لیے ناقابل فراموش قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔