پاکستان جرنلسٹس فورم کا مقبول الرحمٰن عباسی اور راجا اقبال کی رحلت پر تعزیتی اجلاس

175

پاکستان جرنلسٹس فورم کا خصوصی اجلاس وڈیو لنک کے ذریعے منعقد کیا گیا، جس میں پی جے ایف کے تاسیسی رکن، صحافی مقبول الرحمن عباسی اور اُردو نیوز کے ارسلان ہاشمی کے بڑے بھائی اور پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ کے سینئر ترین استاد او ر سابق پرنسپل راجا محمد اقبال کی رحلت پر دعائے مغفرت اور لواحقین سے تعزیت کی گئی۔
مقبول الرحمٰن عباسی چھٹی پر پاکستان جانے کے خواہش مند تھے۔ پروازوں کی عدم دستیابی کے باوجود انتہائی کوشش سے ٹکٹ کے حصول میں کامیاب ہوئے اور وطن واپس پہنچنے کے بعد ایک ہفتے کے دوران ہی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہوں نے محصورین بنگلا دیش کے لیے جدہ میں کام کرنے والی تنظیم مجلس محصورین کے لیے کنوینیئر انجینئر احسان الحق اور سید مسرت خلیل کے ساتھ مل کر کام کیا۔
آن لائن تعزیتی اجلاس میں قونصل جنرل خالد مجید، قونصل پریس ارشد منیر، کشمیر کمیونٹی میڈیا فورم کے صدر (ریاض) سردار رزاق، کشمیر کمیونٹی جدہ میں نوجوان شعبہ کے سربراہ وقاص عنایت کے علاوہ جرنلسٹس فورم کے اراکین شاہد نعیم، جمیل راٹھور،اسد اکرم، مصطفی خان، قطر سے لیاقت انجم، محمد عدیل، مکہ مکرمہ سے سینئر صحافی عامل عثمانی، امانت اللہ اور دیگر احباب نے مقبول الرحمان عباسی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عامل عثمانی نے مقبول الرحمان عباسی، راجا اقبال اور فورم کے رکن ذکیر بھٹی کی ہمشیرہ اور مقامی اخبار کے سینئر رپورٹر ارسلان ہاشمی کے برادر کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
تقریب میں امیر محمد خان نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے سینئر ترین استاد اور سابق پرنسپل کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راجا محمد اقبال ایک کہنہ مشق استاد تھے۔ انہوں نے بے شمار معماران وطن کو تعلیم دی جو دنیا بھر میں مختلف اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ آخر میں سفیر پاکستان راجا علی اعجاز اور قونصل جنرل نے ان کی بیوہ سے اظہار تعزیت کیا۔