ریاض میں بے نظیر بھٹو کی 67 ویں سال گرہ کی تقریب

235

پاکستان پیپلزپارٹی (ریاض ریجن) کی جانب سے سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو کی 67 ویں سالگرہ کی تقریب وڈیو لنک کے ذریعے منعقد کی گئی، جس میں عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری عدیل اکبر رانا نے انجام دیتے ہوئے بے نظیر بھٹو شہید کی پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں مہمان خصوصی (مشرق وسطیٰ کے) جنرل سیکرٹری محمد خالد رانا نے کہا کہ دختر مشرق بے نظیر بھٹو شہید باوقار شخصیت کی حامل اور درویش صفت خاتون تھیں۔ پاکستان کی ترقی کے لیے ان کی کاوشیں نا قابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی بی شہید کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہمیں ملک سے غربت بھوک بے روزگاری اور جہالت کا خاتمے کے لیے بھر پور جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔ ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بے نظیر بھٹو شہید کی شناخت ایک بہادر، دلیر، شفیق اور نڈر لیڈر کے طور پر کی جاتی ہے۔ ان کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہچانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ اعزازی مہمان کلچرل ونگ کے صدر قاضی محمد اسحاق میمن نے کہا کہ بی بی شہید ایک عظیم رہنما تھیں۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔پاکستان کا اگلا وزیر اعظم بلاول بھٹو ہوگا جو اپنی ماں کے وژن کو جاری رکھے گا۔ تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی (سعودی عرب) کے صدر چودھری تصور حسین ، وسیم ساجد ، صداقت حسین، عدیل اکبر رانا، فرح احسن، ریاض راٹھور، سردار رزاق، یونس ابوغالب، نجمہ جیلانی، سردار نصیر خان، پرویز گورسی، چودھری اختر، غلام نبی، ملک شفیق، ملک بلاول، ملک عبدالکریم، ملک بخت، قریب اللہ، فلک تاج، ہدایت اللہ، حیدر علی اور انفارمیشن سیکرٹری (ریاض ریجن) شریف بلوچ اور دیگر نے شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی۔