اسرائیل کا مغربی کنارے پر قبضہ غیر قانونی، تسلیم نہیں کریںگے، برطانوی وزیراعظم

510

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اسرائیل سے مغربی کنارے کے مقبوضہ حصے کا الحاق کرنے کے متنازعہ منصوبے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسےروکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم نےیہ بات بدھ کے روز ایک اسرائیلی اخبار میں شائع ہونے والے عبرانی تحریر میں لکھی ہے،اسرائیل کے سب سے بڑے روزنامہ یدیوٹ ایرونوٹ کے صفحہ اول پر شائع ہونیوالی غیر معمولی اپیل میں جانسن نے لکھا کہ مجھے گہری امید ہے کہ الحاق آگے نہیں بڑھے گا۔

جانسن نے خبردار کیا کہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں کا ”جن پر 1967 کی مشرق وسطی کی جنگ میں اسرائیل نے قبضہ کیا تھا اور جہاں فلسطینی اپنی مستقبل کی ریاست کی تعمیر کے خواہاں ہیں” الحاق بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوگا۔

انہوں نے متبنہ کیا کہ اگر اسرائیل یہ اقدام کر گزرے گا تو برطانیہ 1967 کی حد بندیوں میں تبدیلیوں کو تسلیم نہیں کرے گا سوائے اس کے جو دونوں فریقین میں اتفاق رائے سے طے ہوئی ہوں۔

جانسن نے کہا کہ انہیں ڈر ہے کہ الحاق کا منصوبہ اسرائیل کی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں ناکام ہوجائے گا اور یہ اسرائیل کے اپنے طویل مدتی مفادات کے منافی ہوگا۔انہوں نے اسرائیلیوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کریں، جو 2014 میں تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔