شعبہ سیاحت کو کھولنے کے لیے مربوط منصوبہ تیار کرلیا‘ وزیراعلیٰ پختونخوا

185

پشاور (اے پی پی)کورونا کی موجودہ صورتحال میں آنے والے سیزن کے دوران صوبے میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے کی صورت میں پیشگی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں ہوا۔ اجلاس کو آنے والے سیزن میں حالات سازگار ہونے کی صورت میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے اور ایسی صورت میں سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے محکمہ سیاحت کی تیاریوں کے علاوہ صوبے میں انٹیگریٹڈ ٹوارزم زونز کے قیام اور صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے جاری دیگر منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر سیاحت کے شعبے کو کھولنے کیلیے ایک مربوط اور مو ثر پلان تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت متوقع طور پر آنے والے سیاحوں کے لیے ایس او پیز کا مسودہ تیار ہے جسے محکمہ ہائے سیاحت، صحت، ریلیف اور منصوبہ بندی کے ایک مشترکہ کمیٹی سے منظوری کے بعد جاری کردیا جائیگا۔ پلان کے تحت صوبے میں ٹورسٹ فیسیلیٹیشن حب اور ریسٹ ایریاز کے قیام کے لیے ٹینڈر جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ اس پلان پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ ساتھ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کوذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ وزیراعلی نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کو موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت مو ثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ صوبے کے سیاحتی مقامات کی طرف سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرکے یہاں پر روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے میں سیاحت کی ترقی کے لیے شروع کیے گئے تمام منصوبوں کی مقررہ وقت کے اندر تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔