کوروناسے جاں بحق شخص سے وائرس نہیں پھیلتا، محکمہ صحت پختونخوا

184

پشاور (اے پی پی) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ کورونا سے جاں بحق ہونے والے شخص سے وائرس نہیں پھیلتا،محکمہ صحت نے کوروناسے جاں بحق ہونے والے افرادکی تدفین سے متعلق گائیڈلائنزپرنظرثانی کردی ہے ،نئی گائیڈلائن کے تحت کورونا سے جاں بحق افراد کو غسل دینے کی اجازت ہوگی، غسل دینے سے قبل اور بعد میں تختہ کو ڈیٹول یا بلیچ سے صاف کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ گائیڈ لائن میں مزید کہاگیاہے کہ میت کوغسل دینے والوں کے لیے گلوز ، چشمے اور ماسک پہننا ناگزیر ہے، جاں بحق ہونے والوں کاآخری دیدار کرنے کی مشروط اجازت ہوگی دیدار کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا بھی لازمی ہوگا ،محکمہ صحت کے مطابق کورونا سے جاں بحق ہونے والوں سے وائرس نہیں پھیلتا تاہم احتیاط لازمی ہے ۔ محکمہ صحت کے مطابق نئی تحقیق سے یہ بات واضح ہوگئی کہ مردہ سے وائرس نہیں پھیلتا ہے جاں بحق ہونے کے بعد مردوں کے پھیپھڑے کام کرنا چھوڑ جاتے ہیں اس لئے وائرس نہیں پھیلتا۔