تمام زیر تکمیل ترقیاتی منصبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ پختونخوا

256

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق بہر صورت یقینی بنانے کیلیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ یہ منصوبے صرف فائلوں کے بجائے گرائونڈ پر بھی نظر آئیں اور لوگوں کو ان منصوبوں کے ثمرات بروقت پہنچ سکیں، انہوں نے خبردار کیا کہ عوامی مفاد کے ان ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تاخیر کے ذمے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وہ پیر کے روز صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلیے منعقد اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں پشاور ڈی آئی خان موٹروے، سوات موٹروے اور صوبے کے سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پراب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو مختلف شعبوں بشمول صحت، ابتدائی و ثانوی تعلیم، اعلیٰ تعلیم، زراعت اور مواصلات و تعمیرات کے تحت دیگرترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی عملی پیشرفت پر بھی بریفینگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام بالا کو ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلیے ترجیحی بنیادوں پر مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔