پشاور‘ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکانیں سیل کرنیکا فیصلہ

178

پشاور (آن لائن) خیبر پختونخوا حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پردکانوں کو جرمانہ نہیں بلکہ اب انہیں سیل کیا جائے گا‘ وزیراعلیٰ محمود خان کہا کہ کسی بھی کاروبار کو کھلا رکھنے کی اجازت ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہو گی۔ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلا س وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جمعے کو پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کورونا سے متعلق مختلف امور بشمول کیسز اور اموات کی تعداد، ٹیسٹنگ کی موجودہ استعدادکار، مختلف اضلاع میں جزوی لاک ڈائون کی صورتحال، احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے علاوہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے میں جزوی لاک ڈائون کے امثبت اثرات اور ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں پر اس کے منفی اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پہلے سے کھولے گئے کاروبار اور دکانوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ کو سخت کرنے اور جن دکانوں میں ان ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اُنہیں جرمانہ کرنے کے بجائے مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے مناسب اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس حوالے سے سول انتظامیہ اور پاک فوج کے درمیان مثالی روابط اور ہم آہنگی قائم ہے اور ان شاء اﷲ ہم سب مل کر اس صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔