ہندوستان کی تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں،وزیر خارجہ

500

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کیلئے بھارت کا رویہ خطرناک نہیں بلکہ آج ہندوستان کی تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی رپورٹ کے حوالے سے بیان میں کہا کہ آج نیویارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ اور گارڈین سب صف اول کے میڈیا نے امریکی کمیشن کی تازہ ترین رپورٹ پر رائے کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ صرف مسلمانوں کیلئے بھارت کا رویہ خطرناک نہیں بلکہ آج ہندوستان کی تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان میں کروڑوں کی تعداد میں ایسے لوگ بھی ہیں جو مثبت سوچ کے حامی ہیں جو سیکولر ہندوستان کے حامی ہیں وہ آوازیں بھارت سرکار کے رویے کے خلاف اٹھا رہے ہیں، کچھ عرصہ قبل دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام ساری دنیا نے دیکھا مگر انہوں نے مصلحتاً خاموشی اختیار کی۔

انہوں ںے کہا کہ ایسے 328 مختلف واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں جبرآ تبدیلی مذہب کی کوششیں کی گئی ہیں،

وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیجی ممالک نے ہندوستان کے رویے کے خلاف آواز بلند کی ہے، ان ممالک میں بہت سے بھارتی شہری مقیم ہیں مگر ان پر تو زندگیاں تنگ نہیں کی گئیں، بین الاقوامی ہیومن رائٹس تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا کی رائے تیزی سے ہندوستان کے حوالے سے بدل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے مسلمانوں کو کورونا وائرس کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں بھارت کے مسلمانوں کو کورونا بم سے تشبیہ دے رہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف اقلیتوں کے خلاف بھارتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور دوسری طرف پاکستان کی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے، او آئی سی کو میں نے دوبارہ خط لکھا ہے میں نے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ کو خطوط ارسال کیے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر اس رویے کے خلاف آواز اٹھائیں۔