کاروبار بند رکھنا نہیں چاہتے، عوام کو کورونا سے بچانا ہے، محمود خان

155

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کسی کے کاروبار کو بندرکھنا حکومت کی خواہش نہیں، حکومت کے تمام اقدامات کا ایک ہی مقصد لوگوں کو کورونا کی وبا سے محفوظ بنانا ہے، جس کیلیے حکومت کو مجبوراً کچھ سخت فیصلے لینے پڑ رہے ہیں، ہمارا مقصد لوگوں کو بیروزگار کرنا نہیں بلکہ ان کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے، حکومت کے یہ سارے اقد امات اور کوششیں تب تک مؤثر نہیں ہوسکتیں جب تک لوگ تعاون نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کے روز سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انجمنِ تاجران کے ایک مشترکہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے وزیراعلیٰ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور موجودہ صورتحال میں چھوٹے صنعتکاروں اور دُکانداروں کو درپیش مسائل کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وفد نے رمضان کے مہینے میں بعض ضروری کاروبار اور دوکانوں کو ایک خاص اوقات کار کے تحت مشروط طور پر کھولنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت ایک طرف لوگوں کو کورونا کی وبا سے بچانے کیلیے کوششیں کررہی ہے تو دوسری طرف انہیں بھوک سے بچانے کیلیے بھی اقدامات کرر ہی ہے اس دہری مشکل میں حکومت کو تاجروں اور صنعتکاروں سمیت دیگر تمام طبقوں او ر عوام کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔