کورونا ٹیسٹنگ بڑھنے سے صورتحال واضح ہوگی، وزیر خارجہ

435

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹنگ کی شرح بڑھنے سے صورتحال واضح ہوگی۔

عالمی وبا کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک ہم اس وائرس کی بلند ترین سطح پرنہیں پہنچے تاہم ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھنے سے متاثرین کی اصل تعداد سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تیار رہنا چاہیے کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا، وائرس کی بلند ترین سطح مئی کے آخر اور جون کے شروع میں متوقع ہے، پاکستان ایک غریب ملک ہے، ہم مستقل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، تمام عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب یا تبدیل کرتے رہنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے بارے میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے کوشش کررہے ہیں، ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں، ان کی تکالیف کا احساس ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پہلے ہم 2000 پاکستانیوں کو ہر ہفتے وطن واپس لا رہے تھے، اب ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھنے سے 6000 سے زائد پاکستانیوں کو واپس لاسکیں گے۔