پارلیمنٹ اور عوام کو مل کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

370

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینا اور بجٹ کو پیش کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے بیان میں کہا کہ بجٹ 2020-21 جون میںپیش ہونا ہے اس حوالے سے پارٹیوں کے پارلیمانی رہنماٶں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرسکے خدشات کے پیش نظر بجٹ کو پیش کرنے اور اسے پاس کرنے سے متعلق سیاسی پارٹیز کو اعتماد میں لینا ضروری سمجھتا ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینا اور بجٹ کو بروقت پیش کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، عالمی وباء کی وجہ سے عوام کو بے پناہ مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عوام کو مل کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کو بروقت پیش کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت کی جائے گی، میری کوشش ہے کہ پارلیمان میں عوامی اہمیت کے حامل تمام امور پر کام جاری رہے، کمیٹیوں کے اجلاس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جاری رکھنے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے،

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پوری دنیا کو اس وقت کورونا وائرس نے جکڑا ہوا ہے، اس وباء سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہم سب کو ملکر قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی پارلیمانی ذمہ داریوں کو بھی نبھانا ہو گا۔