کورونا وائرس: پنجاب حکومت کا لاک ڈاؤن کا فیصلہ

823

لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر 14روز کیلئے صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان وزیر اعلی پنجاب مسرت چیمہ نے لاک ڈاؤن کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ  صوبے بھر مین لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کل صبح 9 بجے ہوگا۔

صوبے میں لاک ڈاون کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کا باضباط اعلان وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کیا ۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں دوہفتے کیلیے لاک ڈاون کیا جارہا ہے، منگل 24 مارچ صبح 9 تا 6اپریل صبح 9 تمام شاپنگ مالز بند رہیں گے، پنجاب بھر میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی البتہ فیملی کو استثنیٰ ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ تمام سرکاری اور نجی ادارے دو ہفتے کیلئے بند رہیں گے، بازار ،پبلک ٹرانسپورٹ،ریسٹورنٹ ،پارک،سیاحتی مقامات بندرہیں گے تاہم فوڈ سپلائی چین برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میڈیکل اسٹورز،کریانہ،پھل ،سبزی کی دکانیں،بیکریاں کھلی رہیں گی، دوائیں، اشیائےخورونوش تیارکرنےوالی فیکٹریاں کھلی رہیں گی، طبی آلات اورضروری سامان تیار کرنےوالی فیکٹریاں کھلی رہیں گی، واسا، واپڈا، ٹیلی کام کمپنیاں، فلاحی ادارے کھلے رہیں گے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ کرفیووالی صورتحال نہیں ہوگی اور ایسا نہیں کہ باہر بالکل نہیں نکل سکتے۔

وسری جانب  صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن جاری ہے  جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں، کسی بھی کام سے نکلنے کی صورت میں شہری کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا جس کا اندراج سیکیورٹی اہلکار کریں گے کہ آیا مذکورہ شہری کتنے دن میں،کتنی مرتبہ اور کس کام سے گھر سے باہر نکلا۔