پی ٹی آئی (مکہ سٹی) کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس

299

پاکستان تحریک انصاف (مکہ) کے سابق نائب صدر ملک سرفراز، سابق جنرل سیکرٹری سید خاقان، سابق میڈیا کوآرڈینیٹر وحید ربانی، سابق صدر یوتھ ونگ ارسلان شاہد، سابق صدر میڈیکل وِنگ انور جاوید اور سابق جنرل سیکرٹری یوتھ وِنگ اختر علی رانا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حالیہ مڈل ایسٹ انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے۔ یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہے۔ ہم پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ اس طریقہ کار کے خلاف ہیں، جس کے تحت مڈل ایسٹ میں نیشنل باڈی کا اعلان کیا گیا ہے۔ گزشتہ تنظیم سازی کے وقت رجسٹرڈ ارکان کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی اور بعد میں بھی ارکان کا اندراج ہوتا رہا۔ جس سے آیندہ آنے والی تنظیم سازی میں توقع کی جا رہی تھی کہ رجسٹرڈ ارکان کی تعداد 25 سے 30 ہزار تک ہو جائے گی، تاہم غلط پالیسی اور براہِ راست عہدیداروں کے چناؤ نے تنظیم سازی کو نہ صرف متنازع بنایا بلکہ اس وقت رجسٹرڈ ارکان کی تعداد بھی کم ہو رہی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران سابق عہدیدران کا مزید کہنا تھا کہ کارکنان کو جوڑ کر رکھنا از حد ضروری ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف اوورسیز ورکرز نے ہر دور میں پارٹی کے لیے تگ و دو کی اور آیندہ بھی اپنی پارٹی کے لیے اسی طرح کام جاری رکھ سکتے ہیں، تاہم ان کا اعتماد بحال ہونا ضروری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کےعہدیداران نے چیف آرگنائزر مڈل ایسٹ سیف اللہ خان نیازی اور سیکرٹری او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ ایسے متنازع تنظیمی ڈھانچے کو فی الفور کالعدم قرار دیتے ہوئے ازسرنو ممبر شپ ڈرائیو کا اعلان کریں اور گزشتہ حکمت عملی کو اپناتے ہوئے پہلے شہر شہر تنظیم کا قیام عمل میں لایا جائے۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔