پاکستانی قونصل جنرل کی اوآئی سی کے نائب سکرٹری سے ملاقات

203

جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل (پولیٹیکل) سفیر یوسف ایم الضبیعی سے ملاقات کی۔ الضبیعی نے قونصل جنرل کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر خالد مجید نے اتحاد امت مسلمہ کے لیے او آئی سی کے کردار اور کوششوں بالخصوص مسئلہ کشمیر کے لیے تنظیم کی کوششوں اور مستقل حمایت کو سراہا۔
اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل نے جموں و کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے پاکستان اور او آئی سی کے مابین جاری باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون اور فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آیندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ کے پریس اتاشی ارشد منیر نے اس حوالے سے نمایندہ جسارت سید مسرت خلیل کو بتایا کہ دونوں شخصیات کی ملاقات میں سفیر الضبیعی کا بطوراو آئی سی کے خصوصی مندوب برائے جموں و کشمیرکے آیندہ دورہ پاکستان اورآزاد کشمیر پر بھی گفتگو کی گئی۔