خیبرپختونخوااسمبلی ،گداگروں کے بھیک مانگنے پرپابندی کابل ترامیم کے بعدمنظور

241

پشاور (اے پی پی )خیبرپختونخوااسمبلی نے گداگروں کی بھیک مانگنے پرپابندی اور کام کرنیوالے مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق بلوں کو ترامیم کے بعد متفقہ طور پر منظورکرلیا جس کے تحت خواتین کی ہراسگی کے کیسزکی شنوائی کے لیے صوبائی محتسب کاقیام عمل میں لایاجائے گا ،بل صوبائی وزیربرائے سماجی بہبود ہشام انعام اللہ نے پیش کیا۔ اسمبلی میں گداگری پر پابندی سے متعلق بل پیش کیا گیابل کے تحت صوبے بھر میں گداگروں کی اصلاح کے لیے خصوصی دارالکفالہ قائم کیے جائینگے جہاں انہیں تعلیم وتربیت سے علاوہ ہنربھی سکھایاجائے گا کسی بھی بھکاری کو زیادہ سے زیادہ 3 سال کے لیے دارالکفالہ میں رکھاجاسکتاہے اس کے باوجود بھی اگر اس کی اصلاح نہیں ہوتی تو اسے3 سال تک کی قید کی سزاسنائی جاسکتی ہے ،بل کے تحت بھیک منگوانے والوں کو بھی ایک سال قید یاپچاس ہزار روپے تک جرمانے کی سزاسنائی جائے گی ۔