پنجاب کا آٹا نہ کھاؤ‘کبھی نہیں کہا‘ شوکت یوسفزئی

133

پشاور (نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات پختو نخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ آٹے کا بحران پیدا کرنے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی، میں نے کبھی نہیں کہا کہ پنجاب کا آٹا نہ کھاؤ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات پختو نخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ3 قسم کا آٹا ملتاہے، لال، فائن اور سپر فائن آٹا، ہمارے ہاں لال آٹا مل رہا ہے اس کی قیمتوں میں کوئی مسلہ نہیں وہ سستا ہے، ڈاکٹرز بھی یہی کہتے ہیں فائن آٹا صحت کے لیے مفید نہیں، اگر میں کہوں کہ فائن آٹا ٹھیک نہیں تو مذاق بن جاتا ہے اور اگر ڈاکٹر کہے تو سب مان جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں 67 شعبے ہیں، اس سال 253 محکمانہ ترقیاں کی گئیں، ایک سال میں 128 نظم و ضبط کی کارروائیاں کی گئیں،58 پروجیکٹ میں5000 سے زائد افراد کو مستقل کیا گیا، 63 محکمانہ مقدمات کا فیصلہ ہوا، انسداد بدعنوانی کو مضبوط کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ فاٹا سیکرٹریٹ کے کئی ملازمین کو ایڈجسٹ کیا ہے، اقلیتی کوٹہ 3 کے بجائے5 کر دیا گیا ہے، گریڈ 16 کے امیدوار کی بھرتی محکموں کے حوالے کردی ہے، پراسیکیوشن کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔