وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکا ضلع خیبر میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد

153

پشاور(اے پی پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع خیبر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔انہوں نے تحصیل باڑہ سے مستک روڈ براستہ شین کمر 43کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ، منصوبہ 1.6ارب روپے کی لاگت سے 2برس میں مکمل ہوگا، تحصیل باڑہ میں 45ملین روپے کی لاگت سے ایمرجنسی ریسکیو1122 کی عمارت ، تحصیل جمرود میں بھی 14.172ملین روپے کی لاگت سے ریسکیو 1122کے لیے عمارت کا سنگ بنیاد رکھا ۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل باڑہ میں 19.700 ملین روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے عوامی سہولت مرکزکی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پررکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی،رکن صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، ڈپٹی کمشنر قبائلی ضلع خیبرو دیگر بھی موجود تھے۔ دورہ خیبر کے موقع پر وزیراعلیٰ نے معصوم بچے حاضر خان کو 50ہزار روپے بطور مالی امداد دیا، وزیراعلیٰ نے تحصیل باڑہ میں پریس کلب کی نو منتخب کابینہ سے حلف لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیف کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی کے لیے10سالہ منصوبہ بندی گئی ہے ، قبائلی اضلاع کے لیے 83ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ تمام تر ترقیاتی کام عوام اورضم شدہ قبائلی اضلاع سے منتخب صوبائی اسمبلی اراکین کے خواہشات اور ترجیحات کے مطابق کیے جائیں گے،وفاقی حکومت کے فراہم کردہ 12ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر خرچ کیے گئے 50 ارب روپے ترقی پر خرچ کیے جائیں گے۔