مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر سےفوج واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا

315

نئی دہلی: مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر سے پیرا ملٹری فوج کی 72 کمپنیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی وزارت داخلہ نےچیف اور ہوم سیکرٹری سری نگر کو احکامات جاری کردیئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کشمیر سے نکالی گئی کمپنیاں دیگر جگہوں پر ڈیوٹی سرانجام دیں گیں۔ہر کمپنی میں 100 فوجی اہلکار ہیں اور تقریبا 7 ہزار فوجیوں کو جموں کشمیر سے نکال کر بھارت کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔

پولیس فورس کی 24 کمپنیوں سمیت بارڈر سیکیورٹی فورس(بی ایس ایف)، انڈو طبتین بارڈر پولیس(آئی ٹی بی پی)، سنٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس(سی آئی ایس ایف) اور ساشاسترا سیما بل(ایس ایس بی) سے 12،12 کمپنیوں کو واپس بلایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پیراملٹری فورس کی یہ کمپنیاں 5 اگست کو ارٹیکل 370 ختم کرنے بعد جموں و کشمیر میں تعینات کی گئی تھیں۔ دسمبر2019 کے آغاز میں بھی اس قسم کی 20 کمپنیوں کو واپس بلایا گیا تھا۔

واضح رہے  کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا مسلط کردہ فوجی محاصرہ مسلسل 144ویں روز بھی جاری ہے۔ وادی کشمیر، جموں اور لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں نظام زندگی بدستور مفلوج ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ روز ضلع شوپیاں اور بارا مولہ سے 8 بے گناہ کشمیریوں کوحراست میں لے لیا ہے۔

مقبوضہ وادی میں موبائل فون، ٹیلی فونز اور انٹرنیٹ سروسز بدستور معطل ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 144 بچوں سمیت 7ہزارکشمیری زیرحراست ہیں۔