“کامیاب جوان پروگرام ” خصوصی اہمیت رکھتا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

161

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کی سماجی ومعاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، نوجوانوں کی فلاح وترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ملک میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلیے وزیراعظم کا “کامیاب جوان پروگرام ” خصوصی اہمیت رکھتا ہے، جس سے نہ صرف نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں آگے آنے کے مواقع ملیں گے بلکہ مجموعی معاشی حالات پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں “کامیاب جوان پروگرام” کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان نسل کو معاشی معاونت میسر آئیگی، اس پروگرام کے ذریعے ملک میں بزنس ڈیمانڈ کی نوعیت کا اندازہ لگانے میں بھی مدد ملی ہے جو بلاشبہ روزگار کے فروغ کے لیے حکومت کی مجموعی کاوشوں کو نتیجہ خیز بنانے میں بھی کارآمد ثابت ہوگی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے وزیراعلیٰ کو کامیاب جوان پروگرام پر پیش رفت اور اس کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت ملک بھر سے تقریباً 10 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے صرف خیبرپختونخوا سے 90,475 درخواستیں موصول ہوئیں، پروگرام کے تحت جلد قرضوں کی تقسیم کا مرحلہ شروع کرنے جارہے ہیں۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے لیے درخواستیں دینے کے ٹائم کو توسیع دینے جبکہ ضم شدہ اضلاع میں انٹرنیٹ اور بینک کی سہولت موجود نہ ہونے کی وجہ سے متبادل طریقہ کار استعمال کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔