خیبر پختونخوا: گمشدہ بچوں کی بازیابی کیلیے ’’ میرا بچہ الرٹ‘‘ ایپلی کیشن کا اجرا

95

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں گم شدہ بچوں کی بازیابی اور ناخوشگوار واقعات کی حوصلہ شکنی کیلیے موبائل ایپلی کیشن ’’میرا بچہ الرٹ‘‘ کا باضابطہ اجرا کردیا ہے، یہ ایپلی کیشن پہلے سے موجود خیبر پختونخوا سٹیزن پورٹل میں بطور فیچر شامل کی گئی ہے جسے پاکستان سٹیزن پورٹل میں بھی شامل کیا جائے گا۔ ایپلی کیشن میں گم ہونے والے بچوں کے حوالے سے رپورٹ کے اندراج اور تلاش کیلیے والدین اور متعلقہ اداروں کی سہولت اور مدد کیلیے مکمل طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایپلی کیشن کی تیاری پر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ خیبرپختونخوا کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمود خان نے فیئر ٹیسٹنگ سروس (ایف ٹی ایس) کی طرف سے حالیہ امتحانات کے انعقاد میں بدانتظامی اور بے ضابطگیوںکے حوالے سے عوامی شکایات اور تحفظات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمے داران کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے میں اساتذہ کی بھرتیوں کیلیے فیئر ٹیسٹنگ سروس کو ہائیر کیا تھا تاہم مذکورہ ایجنسی کی طرف سے منعقد امتحانات میں بدانتظامی، بے ضابطگیوںکی وجہ سے امتحانات منسو خ کیے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے عندیہ دیا ہے کہ ایجنسی کو جاری کیے گئے تمام وسائل واپس لیے جائیں گے اور ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں اساتذہ کی شفاف طریقے سے میرٹ پر بھرتی کی پالیسی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کیلیے اساتذہ کی شفاف بھرتی اور تعیناتی کا کلچر متعارف کرایا ہے۔ اس مقصد کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے ذمے دارانہ کردار کی ضرورت ہے۔