خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست پر پی ٹی آ ئی کا امیدوار کامیاب

105

پشاور(آن لائن)خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست کے لیے تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ اور پیپلز پارٹی کے فرزندعلی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوا ۔پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی ،جس میں 139 ارکان صوبائی اسمبلی نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ 145 ارکان پر مشتمل خیبر پختونخوا اسمبلی میں پولنگ ہوئی۔ جماعت اسلامی کے 3 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جب کہ پی ٹی آئی کے تاج محمد ترند، آزاد رکن فیصل زمان اور اے این پی کے فیصل زیب بیرون ملک ہونے کے باعث اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کرسکے۔پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے نتیجے کا اعلان کیا جس کے مطابق 139 ارکان نے پولنگ میں حصہ لیا، پی ٹی آئی کے ذیشان خانزادہ 104 لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ پیپلز پارٹی کے فرزند علی نے 30 ووٹ لیے،4 ووٹ مسترد کیے گئے۔