خیبرپختونخوا سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر انتخاب آج ہو گا

110

پشاور (اے پی پی) خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب آج ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پی پی پی کے خانزادہ خان کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر انتخاب آج ہوگا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ذیشان خانزادہ اور پی پی پی کے فرزندعلی وزیر کے درمیان مقابلہ ہے، عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے امیدوارحاجی ہدایت اللہ کو فرزند علی وزیر کے مقابلے میںدستبردارکردیاہے،خیبرپختونخوا اسمبلی کے 145 اراکین حق رائے دہی استعمال کرینگے، الیکشن کے قواعد وضوابط کے مطابق سینیٹ کی اس نشست پر منتخب رکن 2021ء تک سینیٹر رہے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا پیر مقبول احمد جو اس انتخاب کے لیے پریذائیڈنگ آفیسر ہیں نے جملہ پولنگ افسران کے ہمراہ صوبائی اسمبلی ہال میں پولنگ اسٹیشن قائم کرتے ہوئے سیکرٹری صوبائی اسمبلی نصر اللہ خان سے ملاقات کی اور کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام اراکین اسمبلی کو اسمبلی کارڈ جاری ہوجائے کیونکہ اس کارڈ کے بغیر کسی ممبر کو بیلٹ پیپر جاری نہیں کیا جائے گا۔ پولنگ آج صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، سیکورٹی کے حوالہ سے متعلقہ اداروں کو مناسب انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ ووٹنگ کے عمل کو پرامن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ واضح رہے اکتوبرمیں پیپلزپارٹی کے خانزادہ خان نے اس نشست سے اس وقت استعفا دیاتھا جب ان کے صاصبزادے ذیشان خانزادہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ بعدازاں پاکستان تحریک انصاف نے ذیشان خانزادہ کو ہی ان کے والد کی خالی نشست امیدواربھی نامزدکر دیا۔