پی ٹی آئی کور کمیٹی کا پنجاب حکومت کے انتظامی امور پر شدید تحفظات کا اظہار

277

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ اور حکومتی بیانیے کو موثر بنانے کی حکمت عملی طے کی گئی۔

مشیر خزانہ نے کور کمیٹی کو بتایا کہ مہنگائی بہت بڑا مسئلہ ہے، اسے کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اشیائے خورو نوش کی قیمتیں جلد کنٹرول میں آجائیں۔

اجلاس میں کور کمیٹی ارکان نے پنجاب حکومت کے انتظامی امور پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد وزیراعظم کو بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا مشورہ دیا گیا۔

کور کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی پر بھی دبے الفاظ میں تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کور کمیٹی ارکان نےوزیراعظم سے کہا کہ عثمان بزدار سابقہ ادوار کی طرح کارکردگی نہیں دکھا پا رہے ہیں۔

اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے۔

اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن میں زیر سماعت فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر بابر اعوان کو اہم ٹاسک سونپتے ہوئے اپوزیشن کے پروپیگنڈا کا بھرپور مقابلہ کرنے کی ہدایت کردی، بابر اعوان فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے کل (پیر)پریس کانفرنس کریں گے۔