پشاور بی آر ٹی منصوبے کی ساتویں ڈیڈ لائن سامنے آ گئی

155

پشاور (صباح نیوز) پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی ایک اور ڈیڈلائن سامنے آ گئی، کنٹریکٹر نے حکومت کو مارچ 2020ء تک منصوبہ مکمل ہونے کی تاریخ دے دی۔ پشاور بی آرٹی رواں سال بھی مکمل نہیں ہوسکے گا، صوبائی حکومت کی دی ہوئی ایک اور ڈیڈلائن گزرجانے کے خدشات پید ا ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کے 30 بس اسٹیشنوں پر کام مکمل نہیں ہوا جبکہ 14 بس اسٹیشنوں پر جنوری کے آخر میں کام مکمل ہوگا۔ صوبائی حکومت نے دسمبر 2019ء میں منصوبہ مکمل ہونے کی چھٹی ڈیڈلائن دی تھی۔دوسری جانب ڈی جی پی ڈی اے محمد عزیز نے کہا ہے کہ منصوبے کو رواں مالی سال(2019-20)ء کے اندر ہی مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کے 30بس اسٹیشنوں پر کام مکمل نہیں ہوا، چمکنی سے امن چوک تک 16اسٹیشنوں پر 90فیصد کام مکمل ہے، ان پر دسمبر کے آخر تک کام مکمل ہوگا جبکہ امن چوک سے حیات آباد تک کے 14اسٹیشنوں پر 85 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے، ان پر کام جنوری کے آخر میں مکمل ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کے لیے 3ڈپوز پر بھی کام مکمل نہیں کیاجاسکتا ہے، حیات آباد بس ڈپو پر 10فیصد کام بھی مکمل نہیں کیا گیا ہے جبکہ حیات آباد سے کارخانو مارکیٹ تک اضافی روٹ پر بھی کام مکمل نہیں کیا جاسکا ہے، ان روٹس پر کام جنوری کے آخر میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔ منصوبے کے ڈی جی پی ڈی اے محمد عزیز نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے پر کام رواں مالی سال کے اندر مکمل کرلیں گے، ایشائی ترقیاتی بینک کے ساتھ جو لون ایگریمنٹ کیا گیا ہے، اس کے تحت منصوبہ جون 2021ء میں مکمل ہونا ہے اور بینک سے کیے گئے معاہدے کے تحت کام کی رفتار بہت تیز ہے۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی عوام کیلئے حکومت کا بہترین تحفہ ہے جس میں خصوصی افراد کے سوار ہونے کے لیے ریمپ جبکہ شہریوں کے لیے سائیکل ٹریک اور تینوں ڈپوز پر پارک اینڈ رائیڈ کی سہولت ہوگی۔