کشمیرکی آزادی کے لیے جہاد کا وقت آچکا ہے‘ کشمیری رہنما

172

جدہ میں مقیم کشمیری برادری کے سرگرم رہنماؤں خورشید اقبال، سردار اقبال یوسف ، محمد خالد گجر، راجا شمروز، سرداروقاص، راجا پرویز، سردار سجاد شاہین ،راجا ریاض، سردار ابرار، راجا معروف، سردار مہتاب سرور اور دیگر نے یوم سیاہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پرپاکستانی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے بیانات یا تقریر کی نہیں، اب جہاد کی ضرورت ہے اور وقت جہاد آچکا ہے۔ ہم کشمیر کی آزادی کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ جموں و کشمیر ہمارا دل اور آزاد کشمیر ہماری جان ہے اور دل بغیر جان کے زندہ نہیں رہے سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کب تک ظلم کرے گا؟ ہم اپنے بھائیوں کی آزادی کے لیے ہر پلیٹ فارم پر جدو جہد کریں گے۔
کشمیری رہنماؤں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مسئلہ کشمیر پر چشم پوشی قابل مذمت ہے۔ کہاں ہیں وہ ممالک اور حکمران جو جانورں اور حیوانوں کے حقوق کی بات تھے اور ان کے لیے احتجاج کرتے تھے جبکہ آج انسانوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بد ترسلوک کیا جا رہا ہے اور انسانی حقوق کے نام نہاد علم بردار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ کشمیر میں تین ماہ سے زیادہ ہو چکے ہیں اور وہاں قیامت کا سماں ہے۔ کشمیری بھائی بھوک وپیاس سے مررہے ہیں، بیماروں کے لیے نہ توکوئی علاج ہے اور نہ ہی کوئی دوا۔ اب احتجاج نہیں بلکہ جہاد کا وقت آچکا ہے۔ پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ وہ عالم کفر کے خلاف اعلان جہاد کرے۔