قونصل جنرل خالد مجید کا’پاکستان کمیونٹی فری میڈیکل کیمپ‘ کا دورہ

241

سعودی شہر جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے پندرہ روزہ ’پاکستان کمیونٹی فری میڈیکل کیمپ‘ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کیمپ ڈائریکٹر عبدالستار یونس، ڈاکٹر خالد ضیا، شریف زمان، ڈاکٹر امجد عبید اور دیگر نے قونصل جنرل کو مختلف طبی شعبوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا، جن میں بیماریوں کے علاج، امراض قلب و چشم اور ذیابیطس کے مرض او رعلاج سے متعلق معلومات شامل تھیں۔ سید شہاب الدین نے مریضوں کا اندراج، ڈاکٹر شاہد منہاس اور سرور سلیم نے مفت ادویات کی تقسیم اور ڈاکٹر رابعہ خاتون نے شعبہ خواتین کی کارکردگی سے آگاہی فراہم کی۔
قونصل جنرل خالدمجید نے میڈیکل کیمپ اور کمیونٹی کے لیے خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستانیوں کے لیے جو رضاکارانہ کام انجام دے رہے ہیں، اس پر دنیا اور آخرت میں اللہ تعالیٰ بے حساب اجر عطا فرمائے گا۔ انہوں نے کہا میں آپ لوگوں کو انسانیت کی خدمت پرسلام پیش کرتا ہوں۔ آپ تمام افراد کی خدمت، محنت اور کاوشوں سے قونصلیٹ کا سر فخر سے سے بلند ہو رہا ہے۔ قونصل جنرل نے اس موقع پر ڈاکٹروں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جواپنا قیمتی وقت مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے صرف کرتے ہیں۔ انہوں نے رضاکاروں کو یقین دلایا کہ قونصلیٹ کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔ میرے دروازے ہمیشہ سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ قونصلیٹ پاکستانی برادری کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔
قبل ازیں محمد نواز جنجوعہ نے تلاوت قرآن اور ہدیہ نعت پیش کیا۔ سینئر رضاکار شریف زمان نے قونصل جنرل کا استقبال اور طبی سہولت کی دستیابی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو بھی موجود تھے۔