کراچی پولیس نےگھروں میں وارداتیں کرنے والا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا

200

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کئی سالوں سے گھروں میں وارداتیں کرنے والی ماسیوں کے 9 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اے ایس پی گلشن اقبال معروف عثمان کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں میں کام کے بہانے وارداتیں کرنے والے اہم نیٹ ورک کا سراغ لگا کر گروہ کے 9 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اے ایس پی گلشن کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ گلشن اقبال،گلستان جوہر،صفورہ، ملیر،نیوکراچی،ایف بی ایریا میں وارداتیں کیں۔

اےایس پی معروف عثمان کے مطابق ملزمان نےاسٹریٹ کرائمز اور دکانوں میں بھی وارداتیں کیں، ملزمان کے قبضے سے 3 لیپ ٹاپ،10 موبائل فونز،2 کیمرے،سونےکاسیٹ،2 سونے کےٹاپس ارو 5 پستول برآمد کیے گئے ہیں۔

معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان میں شہزاد علی،نبیل،ضمیرعابد ،جاوید،روشن بی بی، فرزانہ بی بی، فرزانہ رخسار اور دیگر شامل ہں جب کہ ملزمان نادرا،اعجاز،شہزاد،نیجو اور علی شیرسنار مفرور ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہےاور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔