جرمنی میں پاکستانیوں کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

157

 

مکتوب برلن

جرمنی کے صنعتی حب فرینکفرٹ اور ساحلی شہر ہیمبرگ میں پاکستانیوں نے اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے۔ ماربرگ میں ’’پاکستان اسٹوڈنٹس‘‘ کے تحت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے خلاف احتجاج کیا گیا، جس میں طلبہ کے علاوہ مقامی پاکستانی برادری نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ مظاہرے کے منتظم بلال رانا، خولا غوری اور عمیر تھے جبکہ مظاہرے کو کامیاب اور بامقصد بنانے کے لیے رباب شاہ نے مقامی پاکستانیوں، میڈیا اور طلبہ کے مابین رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کے خلاف احتجاج میں پاکستانیوں، خصوصاً کشمیریوں کے علاوہ جرمنی،عرب ممالک، ترکی اور مراکش سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جبکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے نمایندے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے مظاہرے میں شریک تھے۔ اس دوران بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شرکا نے بھارت کے کشمیریوں کے خلاف جاری اقدامات اور غیر قانونی فیصلوں کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ مودی سرکار فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوج کو واپس بلائے اور کشمیریوں کو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے۔
مظاہرے کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 40 سے زیادہ دن ہو چکے ہیں کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے اشیائے خور و نوش کے علاوہ ادویہ بھی دستیاب نہیں ہیں، جو کہ بنیادی انسانی حقوق کے مترادف بھارتی فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کی انتہا کردی ہے۔ آخر میں مقبوضہ کشمیر میں محصور افراد اور ان کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔
دوسری جانب جرمن شہر ہیمبرگ میں بھی بھارت کے کشمیر پر ناجائز قبضے کے خلاف پاکستانی و کشمیری اسٹوڈنٹس سمیت مقامی برادری نے بھارتی قونصل خانے کے سامنے خاموش مظاہرہ کیا۔ احتجاجی ریلی شہر کے وسط سے ہوتی ہوئی بھارتی قونصل پر جاکر ختم ہوئی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خصوصاً انسانی حقوق کے نام نہاد علم بردار ممالک اور تنظیمیں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو اور ناجائز قبضے پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ احتجاج میں پاکستانی طلبہ، خواتین و بچوں اور دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔