کشمیر کو بچانے کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے‘ سحر کامران

365

 

پی پی پی (سعودی عرب) اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن (پی وائی او) کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر سحر کامران نے خصوصی شرکت کی۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر کشمیر کو بچانا ہے تو قومی طاقت اور یکجہتی کو مضبوط بنانا ہوگا۔ پاکستانی قوم کو قائد اعظم کے فرمان اتحاد، یقین اور تنظیم پر عمل کرکے ثابت کرنا ہوگا کہ ہم ایک باوقار قوم ہیں۔ اگر ہم مضبوط نہ بنے تو پھر مودی کی سازشوں سے شاید بچ نہیں پائیں گے اور نہ ہی ہمارے کشمیری بہن بھائی بھارتی دہشت گردی سے چھٹکارا حاصل کر سکیں گے۔
جدہ کے مقامی ریستوران میں کارکنوں اور رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سینیٹر سحر کامران (تمغہ امتیاز) کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم 30 لاکھ پاکستانیوں سمیت دنیا بھر میں رہنے والے ہم وطن جب تک کشمیر بھارتی قبضے سے آزاد نہیں ہو جاتا، تب تک بھارتی مصنوعات اور اشیا کا بائیکاٹ کریں۔ آج پوری دنیا میں کشمیر کی آواز سنائی دے رہی ہے۔ جو لوگ آزادی کی تحریک چلا رہے ہیں وہ حکمت عملی کے ساتھ راستے کا تعین کریں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے تاریخی الفاظ ہیں کہ ہم کشمیر کو آزاد کرانے کے لیے ایک ہزار سال لڑیں گے۔
مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی جدہ کے سینئر نائب صدرجاوید ملک، پیپلزیوتھ کے خالد گجر اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ جاوید ملک نے اپنے صدارتی خطاب میں سحر کامران کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مہمانوں اورصحافیوں سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
تقریب سے مقامی رہنما اکرام اللہ کھولی، پی وائی او کےخالد گجر، اے این پی کے نوشیروان خٹک، مسلم لیگ (ن) کےملک محی الدین، سلیم خان، جے یو آئی کے طاہر اور رابغ سے کلیم خان نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل پروگرام کا آغاز جے یو آئی(ایف) کے رہنما مولانا شمس الحق نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ ممتاز شاعر اور تقریب کے ناظم آفتاب ترابی نے نعتیہ اشعار پیش کیے۔