علیم ڈار نے اسٹیوبکنر کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

336

لاہور: پاکستانی امپائر علیم ڈار نے اسٹیوبکنر کے 128 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

تین بار لگاتار دنیا کے بہترین امپائر کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار نے اسٹیوبکنر کے 128 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا، علیم ڈار نے ٹیسٹ میچز کا ریکارڈ برابر کرنے کو پاکستان اور اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔

علیم ڈار نے یہ کارنامہ ایشز سیریز کے لندن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انجام دیا۔

علیم ڈار کا کہنا ہے اسٹیو بکنر میرے رول ماڈل ہیں، ان کے ٹیسٹ میچز کے ریکارڈ کو برابر کرنا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، 206 ایک روزہ اور 43 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کرنے والے علیم ڈار نے پی سی بی اور اپنے کلب پی اینڈ ٹی جم خانہ کا شکریہ ادا کیا۔

علیم ڈار نے آئی سی سی کے ساتھ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سپورٹ کی بدولت ہی یہ کارنامہ انجام دینے کے قابل ہوا ہوں۔