عبدالستار ایدھی کی تیسری برسی پرتقریب

501

میمن ویلفیئر سوسائٹی (ایم ڈبلیو ایس۔ جدہ، سعودی عرب) نے پاکستان کے عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی تیسری برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا، جس کے مہمان خصوصی پاکستان قونصلیٹ جدہ کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ماجد حسین میمن تھے جبکہ جدہ کی مشہورشخصیت عادل دہلوی نے تقریب کی صدارت کی۔
ماجد میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایدھی پاکستان کے قومی ہیرو تھے اور یہ اچھی روایت ہے کہ ہماری عظیم شخصیات کو یاد رکھنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقاریب کا اہتمام جاری رہنا چاہیے۔ عادل دہلوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاوارث بچوں اور بے گھر لوگوں کی پرورش مرحوم ایدھی کا قابل ستائش کارنامہ ہے، جس کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔
میمن ویلفیئر سوسائٹی کے شعبہ فنانس کے انچارج شعیب سکندر نے عبدالستار ایدھی کے ساتھ 10 برس گزارنے کا تجربہ بیان کیا۔ معروف شاعر اور عالمی اردو مرکز کے صدر اطہر عباسی نے منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ریڈیو پاکستان کراچی کے سابق صداکار اشفاق بدایونی نے مرحوم ایدھی کی شخصیت کو پُرجوش انداز میں بیان کیا۔
سوسائٹی کے سرپرست محمد بادیع نے تقریب میں عبدالستار ایدھی ایوارڈ کا اعلان کیا اور اس کے لیے فلاح و بہبود سے متعلق مقامی اور بین الاقوامی سطح پر خدمات کے کئی برسوں پر محیط سلسلے کی بنیاد پر ایم ڈبلیو ایس کے جنرل سیکرٹری طیب موسانی کو منتخب کیا گیا۔ تقریب میں جدہ کی معروف شخصیات اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض محمد اسماعیل نے انجام دیے۔ آخر میں ماجد میمن اور عادل دہلوی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئی۔