ترقیاتی پروگرام میں نارووال کو دیگر شہروں کیلیے ماتھے کا جھومر بنا دیا جائیگا

46

لاہور (اے پی پی) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغا ز کر دیا ہے۔ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی نوید آ گئی اور آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضلع نارووال کو دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل بنا دیا جائیگا۔اس سلسلے میں تعلیم یافتہ شہر بنانے اور صحت کی سر گرمیوں کو عروج دینے کیلیے گورنمنٹ آئی ٹی ہائی سکول شکر گڑھ کی عمارت کی تعمیر نو کیلیے33.053ملین روپے مختص کر دیے گئے ہیں، جبکہ نارووال شہر میں ڈسٹرکٹ ایجو کیشن کمپلیکس کا قیام 50.00ملین روپے کی لاگت سے عمل میں لایا جائیگا ۔ اسی طرح گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین کنجور تحصیل شکر گڑھ کا قیام102.866ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلیے بدوملہی اسپتال کی اپ گریڈیشن کیلیے 164.795ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع نارووال کے تمام رورل ہیلتھ سنٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز کی اپ گریڈیشن کی جائیگی جس کیلیے 199.84 ملین روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے ایمر جنسی بلاک کی رینو ویشن 36.828 ملین روپے کی لاگت سے عمل میں لائی جائیگی۔ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلیے اربوں روپے کے وسائل مختص کیے ہیں۔پنجاب بھر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدر آمد سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہوگا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کومکمل کر کے عوام کی زندگیوں میں نکھار لائیں گے۔کاشتکاروں کی خوشحالی اور زراعت کے فروغ کیلیے خطیرفنڈز رکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی وخوشحالی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہمیشہ ہماری ترجیح رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کا نیا سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے میں عوامی فلاح و بہبود، خوشحالی، یکساں معاشی ترقی، معاشرتی انصاف اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ترقی کا جو سفر شروع کر رکھا ہے، اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔