عمران خان سے خدا اور مخلوق خدا دونوں سے معافی مانگنے کا مطالبہ

71

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پرا چہ ، جمعیت اتحادالعلما پاکستان کے صدر شیخ القرآن والحدیث مولانا عبدالمالک اور جمعیت اتحاد العلما کراچی کے صدر مولانا عبد الوحید نے وزیر اعظم عمران خان سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم کی طرف سے صحابہ کرام ؓ کی نعوذباللہ توہین پر مبنی الفاظ سے اسلامیان پاکستان کی دل آزاری ہوئی ہے جس پر وزیراعظم کو خدا اور مخلوق خدا ، دونوں سے معافی مانگنی چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ سیاست دانوں پر تنقید کرتے ہوئے بھی الفاظ کے چنائو میں محتاط رہنا ضروری ہے ، لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپؐ کے جانثار صحابہ ؓ کے ذکر میں انتہائی محتاط ہونے کی ضرورت ہے ۔ غزوہ بدر میں تمام صحابہ کرام ؓ میدان بدر میں پہنچے تھے اور قربانیوں کی عظیم مثال قائم کی تھی ۔ اُحد میں بھی صحابہ کرام ؓ نے سرفروشی کی عظیم مثال قائم کی تھی ۔ وزیراعظم کو مال غنیمت اور لوٹ مار کا فرق بھی معلوم نہیں ۔ پہاڑی کے تیر اندازوں نے جنگ کا خاتمہ سمجھتے ہوئے اپنی جگہ چھوڑ ی تھی ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ ایک طرف وزیراعظم ناموس رسالت ؐ کے تحفظ پر تقریریں کرتے ہیں ، دوسری طرف خود گستاخی پر گستاخی کے مرتکب ہورہے ہیں ۔