دھابیجی میں چوروں کا راج، چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ

23

دھابیجی (نمائندہ جسارت) دھابیجی میں چوروں کا راج، نامعلوم مسلح ملزمان گھر والوں کو یرغمال بناکر نقدی اور سونا لیکر فرار ہوگئے، جبکہ نامعلوم چور زیر تعمیر گھر سے قیمتی سامان لے اڑے۔ عید کے بعد دھابیجی کے مختلف علاقوں میں چوری اور لوٹ مار کا سلسلہ زور پکڑنے لگا ہے۔ بلال نگر دھابیجی کے رہائشی محمد یاسین راجپوت نے بتایا کہ گزشتہ شب دیر سے پانچ نامعلوم مسلح ملزمان نے ان کے گھر میں داخل ہوکر اسے اور بچوں کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر رسیوں سے باندھ کر الماری میں رکھا ڈیڑھ تولہ سونا اور ایک لاکھ نوے ہزار روپے نقدی رقم اور تین موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جس کی اطلاع انہوں نے مقامی پولیس اسٹیشن کو ہے۔ دوسری جانب نیو بھنبھور سٹی میں نامعلوم چور رات کی تاریکی میں زیر تعمیر بنگلہ سے کئی قیمتی سامان لے اڑے، بنگلے کے مالک افتخار احمد نے بتایا کہ نامعلوم چور بنگلے سے کئی قیمتی سامان لے اڑے ہیں، جس کی این سی دھابیجی تھانہ پر کٹوائی ہے لیکن پولیس تاحال دونوں وارداتوں کے ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔ جبکہ علاقے میں چوری اور لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں پر شہریوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔