پنشن کی ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے خصوصی گرانٹ کامطالبہ

35

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کے ایم سی / ڈی ایم سیز اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے 3391 ریٹائرڈ ملازمین کو 2277.979 ملین روپے پنشن واجبات کی ادائیگی کے لیے خصوصی گرانٹ ان ایڈ جاری کی جائے تاکہ ان افراد کو بیماری کے علاج، بچیوں کی شادی، بچوں کے تعلیمی اخراجات اور دیگر خاندانی معاملات انجام دینے میں سہولت مہیا کی جاسکے، وزیراعلیٰ سندھ کے نام خط میں اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے ملازمین کو ان کی ریٹائرمنٹ پر واجب الادا پنشن کمیوٹیشن، گریجویٹی اور فیملی پنشن کی رقم مارچ 2019 ء تک 2277.979 ملین روپے تک پہنچ چکی ہے اور اس میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور پنشن واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پنشنرز میں مایوسی پھیل رہی ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں اکثر و بیشتر ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے ہمراہ مرحوم ملازمین کے اہل خانہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کو سندھ ہائیکورٹ کی ہدایات پر حکومت سندھ سے کے ایم سی / ڈی ایم سیز / ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے ریٹائرڈ /فوت ہوجانے والے ملازمین کے 2005.20 ملین روپے پنشن بقایاجات کی رقم کو پورا کرنے کے لیے ماہانہ 30 ملین روپے بطور اسپیشل گرانٹ ان ایڈ وصول ہو رہے تھے جسے مارچ 2019 میں مذکورہ بالا گرانٹ ان ایڈ کی آخری قسط جاری ہونے کے بعد سے روک دیا گیا لہٰذا اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کے ایم سی کو فوری طور پر 846.38 ملین روپے پنشن اور پراویڈینٹ فنڈز کے فرق 1079.531 ملین روپے پنشن اور پراویڈینٹ فنڈز کنٹری بیوشن اور 150ملین روپے بعداز ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ 2016-17 ء اور 2017-18 ء کے تنخواہی اسکیل میں ترمیم سے ڈی ایم سیز اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے ملازمین کے پنشن اور پراویڈینٹ فنڈز کنٹری بیوشن میں آنے والے فرق کو پورا کیا جاسکے، جولائی 2016 ء سے نومبر 2017 ء تک کے ایم سی ملازمین کی پنشن اور پراویڈینٹ فنڈز میں کنٹری بیوشن 1079.531 ملین روپے بنتی ہے جو حکومت سندھ کی طرف سے اسپیشل گرانٹ ان ایڈ کو 500 ملین روپے ماہانہ سے کم کرکے 300 ملین روپے کرنے کی وجہ سے انہیں واپس نہیں کی جاسکی، کے ایم سی / ڈی ایم سیز / ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے ریٹائرڈ ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے 150 ملین روپے ماہانہ اسپیشل گرانٹ ان ایڈ مقرر کی جائے جس کی ادائیگی منظور شدہ اور میرٹ لسٹ بحساب تاریخ ریٹائرمنٹ، انتقال کی تاریخ اور بحالی کی تاریخ کے مطابق ہوگی۔