العزیزیہ ریفرنس ،طبی بنیاد پر ضمانت جواب جمع نہ کرانے پر عدالت ڈی جی نیب پر برہم

59

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر نیب کی طرف سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب کو طلب کرلیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت پیش ہوئے اوردلائل دیے جس کے دوران جسٹس عامرفاروق نے استفسارکیا کہ نیب نے جواب جمع کیوں نہیں کرایا‘ ڈی جی یا ڈائریکٹر کون ذمے دار ہے۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ جس کو پھنسانا ہے اس کا نام لے لیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نیب میںجواب جمع کرانا کس کی ذمے داری ہے اس کا نام بتایا جائے‘ جواب جمع نہ کرنے سے عدالت کا وقت ضائع ہوا ہے‘ یہ درخواست گزار سے بھی زیادتی ہے‘ عدالت نے آئندہ سماعت پرڈی جی نیب کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19جون تک ملتوی کردی۔