یوٹرن حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے،عید بعد لائحہ عمل تیار کرینگے،خورشید شاہ

137

رانی پور (آن لائن) رہنما پی پی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عید کے بعد اس یوٹرن حکومت کے خلاف لائحہ عمل تیار کریں گے‘ افطار پارٹیوں میں سیاستدانوں کا ملنا ہوتا رہتا ہے مگر یہاں افطار پارٹی نے لوگوں کی نیندیں اُڑا دی ہیں۔ رانی پور میں میڈیا سے گفتگو میں رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 40 سال سے ملک لوٹنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے، کبھی ضیاء الحق نے قانون کو پامال کیا تو کبھی کارگل کا سانحہ ہوا‘ کون لے گا ان سے حساب؟‘ سکندر مرزا سے لے کر جنرل ایوب، جنرل یحییٰ۔ جنرل ضیا الحق سے لے کے جنرل مشرف تک سب نے ملک کو اندھیرے میں ڈالا۔ انہو ں نے کہا کہ افطار پارٹیوں میں سیاستدانوں کا ملنا ہوتا رہتا ہے مگر یہاں افطار پارٹی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دی ہیں‘ پی ٹی آئی سے حکومت نہیں چل سکتی‘ انہوں نے اپنے وزرا ہٹا کر مشرف دور کے وزیر رکھ لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد اس یوٹرن حکومت کے خلاف لائحہ عمل تیار کریں گے‘ موجودہ حکومت کا ٹائم پریڈ ختم ہو چکا ہے‘ مزید ٹائم نہیں دے سکتے۔