اسلام آباد ہائیکورٹ، زرداری کیخلاف انکوائریوں اورتحقیقات کی رپورٹ جمع

37

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی )نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں آصف علی زرداری کے خلاف انکوائریوں اور تحقیقات کی رپورٹ جمع کرادی گئی۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق آصف علی زرداری کے ابھی تک صرف ایک کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ نیب کی 5انکوائریز اور 3 تحقیقات میں آصف علی زرداری کا کردار سامنے آیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف ابھی تک صرف 2 ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں جبکہ 6 ریفرنسز ابھی تحقیقات یا انکوائری کے مرحلے میں ہیں۔ جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق انکوائری عدالت عظمیٰ کے حکم پر شروع کی گئی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے ٹیکس کنسلٹنٹ محمد جاوید کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کردی۔ منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترپر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ اس کیس کو آصف علی زرداری کیس کے ساتھ منسلک کرتے ہیں،آصف علی زرداری کے کیسز آج سماعت کے لیے مقرر ہیں۔