پاکستان کڈنی سینٹرکی آٹھویں سالانہ تقریب

95

..

 

پاکستان کڈنی سینٹر کے بانی صدر ڈاکٹر خلیل الرحمن نے ادارے کے قیام کی آٹھویں سا لگرہ کا اہتمام جدہ کے مقامی ریستوران میں کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے کڈنی سینٹر کے قیام کی تعریف کی اور کہا کہ ہم وطنوں کے تعاون سے ایسے ادارے قائم ہوتے رہنے چاہییں، جن سے ہمارا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی وطن عزیز میں عظیم منصوبے قائم کر رہے ہیں۔ پاکستان سفارت خانہ ریاض اور پاکستان قونصلیٹ جدہ میں 24 گھنٹے ہم وطنوں کی خدمت کے لیے حاضر ہیں۔ اپنے خطاب میں سفیر پاکستان نے ڈاکٹر محبوب الحق صدیقی کو سعودی عرب سے مستقل وطن واپسی پر ان کی چار دہا ئیوں پر محیط خدمات کے عوض یادگاری شیلڈ پیش کی۔
تقریب کا آغاز قاری محمد آصف نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ سوسائٹی کے میڈیا اینڈ پبلی کیشن سیکرٹری محمد نواز جنجوعہ نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ضیا خالد نے سوسائٹی کی فلاحی سرگرمیوں اور منصوبوں کا مختصر تعارف پیش کیا اور برادری سے تعاون کی اپیل کی۔
پاکستان کڈنی سینٹر کے بانی صدر ڈاکٹر خلیل الرحمن نے ادارے کی 8 برس کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں انہوں نے پاکستان کڈنی سینٹر ایبٹ آباد کے سنگ بنیاد سے لے کر مکمل ہونے تک کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ کڈنی سینٹر اس وقت مکمل طور پر فعال ہے، جہاں مریضوں کے ڈائیلائسز کا مفت انتظام ہے۔ اس کے علاوہ گردوں کی بیماری میں مبتلا نادار افراد کا بھی مفت علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں کے میڈیکل کیمپ کے انچارج عبدالستار یونس، سفیر پاکستان اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر محبوب صدیقی نے انجام دیے۔ آخر میں مولانا حبیب الرحمن نے مسلمانوں اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔