ماسکو میں کاروبار کرنے والے پاکستانی تاجروں کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

118
ماسکو میں کاروبار کرنے والے پاکستانی تاجروں کے وفد کا صدر اسلام آباد چیمبر احمد حسن کے ساتھ گروپ
ماسکو میں کاروبار کرنے والے پاکستانی تاجروں کے وفد کا صدر اسلام آباد چیمبر احمد حسن کے ساتھ گروپ

اسلام آباد (کامرس نیوز) روس کے شہر ماسکو میں کاروبار کرنے والے پاکستانی تاجروں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور مقامی تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ روس کی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا پاکستان کی بزنس کمیونٹی روس کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لیے کوششیں تیز کرے۔ وفد میں روس میں پاکستانی کمیونٹی کے چیئرمین نور حبیب شاہ، ڈاکٹر شاہد حسن، شاہد گھمن اور دیگر شامل تھے۔وفد کے اراکین نے کہا کہ تیل و گیس کے علاوہ روس اپنے عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 95فیصد سے زائد چیزیں باہر سے امپورٹ کرتا ہے اور پاکستانی تاجروں کے لیے یہ بہت اچھا موقع ہے کہ وہ روس کے ساتھ برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی چیزیں، ٹیکسٹائل مصنوعات، آلات جراحی، فارماسوٹیکلز، چمڑے کی مصنوعات اور کھیلوں کا سامان سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات روس کی مارکیٹ میں کافی مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بعض مصنوعات یورپ اور امریکا کے ذریعے روس کی مارکیٹ میں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔