پیرس کی رہایشی عمارت میں آتش زدگی‘ 10 افراد ہلاک

25
پیرس: فائر بریگیڈ کا عملہ کثیر منزلہ رہایشی عمارت میں لگی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے
پیرس: فائر بریگیڈ کا عملہ کثیر منزلہ رہایشی عمارت میں لگی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں منگل کے روز علی الصبح روار لنگر نامی علاقے میں 8 منزلہ رہایشی عمارت میں آتش زدگی کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے شبہہ ظاہر کیا ہے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے جبکہ پولیس نے عمارت کی مکین 40 سالہ خاتون کو اپنے اپارٹمنٹ میں آگ لگانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے، پولیس کے مطابق اسی اپارٹمنٹ سے پھیلنے والی آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ فرانسیسی وزیر داخلہ کرسٹوفی کیسٹانر نے جائے وقوع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار ملزمہ ذہنی عوارض کا شکار ہے۔ انہوں نے آگ بجھانے والے عملے کی جانب سے امدادی کارروائی کرنے اور آپریشن مکمل کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سو سے زیادہ افراد فوری طور پر پہنچ گئے تھے اور انہوں نے پوری رات غیر معمولی حالت میں 50 سے زیادہ افراد کو بچا لیا۔