نوابشاہ میں ترقیاتی کام کا سلسلہ سڑکوں کی تعمیر سے شروع کیا جارہا ہے، ابرار احمد جعفر

196

نوابشاہ (سٹی رپورٹر: کاشف رضا) ڈپٹی کمشنر نواب شاہ ابرار احمد جعفر نے محکمہ سوئی سدرن گیس، پبلک ہیلتھ، بلدیہ نوابشاہ، محکمہ ٹیلی فون کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ نوابشاہ شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کا سلسلہ سڑکوں کی تعمیر سے شروع کیا جارہا ہے۔ تمام محکمے اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر سڑکوں کی تعمیر سے قبل پائپ اور تاروں کی کراسنگ کا کام جلد مکمل کرلیں۔ سڑکوں کی تعمیر کے بعد کسی بھی محکمے کو روڈ کراسنگ یا کٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نوابشاہ، قاضی احمد پولیس کیخلاف گاؤں
محمد یعقوب کے مکینوں کا احتجاج
نوابشاہ (سٹی رپورٹر: کاشف رضا) تعلقہ قاضی احمد کے گاؤں محمد یعقوب کے مکین یار محمد، محمد اشرف، شہبار، مہتاب، شازیہ و دیگر نے قاضی احمد پولیس کیخلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر یار محمد کھوسو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال قبل اللہ وسایو کھوسو، منیر کھوسو اور نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہو کر میرے جوان بیٹے امدا علی کھوسو کو فائر کر کے قتل کردیا جس کا مقدمہ قاضی احمد تھانے پر درج ہے لیکن قاضی احمد پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کررہی۔ پانج سال گزرنے کے باوجود ابھی تک کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں ہوا اور ملزمان کی طرف سے فیصلہ کرنے کے لیے دھمکایا جارہا ہے۔ انہوں نے سندہ حکومت اور ایس ایس پی نوابشاہ سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کیا جائے۔