پاکستان قونصلیٹ میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد

199

پاکستان کرسچن ویلفیئرسوسائٹی کے تحت پاکستان قونصلیٹ جدہ کے ہال میں کرسمس کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے مردو خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت پاکستان قومی یکجہتی فورم کے بانی کنوینیئر سید ریاض حسین بخاری نے کی جبکہ پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ کے ویلفیئر قونصلر نجیب اللہ خان دررانی مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان، قونصل جنرل شہریار اکبر خان ، قونصلیٹ کے دیگر افسران اور عملے کی جانب سے مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قونصلیٹ مسیحی برادری کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون جاری رکھے گا۔
ریاض بخاری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے مسیحی برادری کی خدمات بھی مثالی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسچن سوسائٹی قومی یکجہتی فورم کی اہم رکن بھی ہے۔ کرسچن سوسائٹی کے صدر پرویز یوسف نے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو تہوار کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے خوشی کا موقع ہے، جسے منانے کے لیے ہمیشہ کی طرح امسال بھی قونصلیٹ نے ہمیں خصوصی طور پر اجازت دی۔ ہم سفیر پاکستان، قونصل جنرل اور دیگر افسران کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ریاض بخاری کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں سوسائٹی کو کرسمس کے کیک کا تحفہ پیش کیا۔ تقریب سے سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری پیٹرک فلک شیر، پی ٹی آئی جدہ کے صدر احمد بشیر، پی جے ایف کے چیئرمین امیر محمد خان، مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری انصر گھمن نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر پُرتکلف عشائیے کے علاوہ کرسمس کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب کی نظامت کی ذمے داری جان گلزار نے ادا کی۔