نوبل امن انعام: امریکی میڈیا میں عمران خان کا نام گونجنے لگا

126
Imran Khan (file foto)

نیویارک(صباح نیوز) پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر بعض امریکی میڈیا نے وزیراعظم عمران خان کا نام نوبل امن انعام کے لیے فہرست میں شامل کرلیا ہے ۔گزشتہ روز کرسچن سائنس مانیٹر کی رپورٹ کے مطابق امن کے لیے عمران خان کی قیادت بڑا سرپرائز ہے امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے تعلقات کی بہتری کے لیے بھارتی پائلٹ کی رہائی نے ماحول یکسر بدل دیا، انہوں نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی اور کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔عمران خان نے کہا کہ جنگ میں جیت کسی کی نہیں ہوتی، بالخصوص وہ ممالک جو خطرناک ہتھیار رکھتے ہوں، پاکستان اور بھارت کے پاس ایسے ہتھیار موجود ہیں کہ انہیں جنگ کا سوچنا بھی نہیں چاہیئے۔یاد رہے عمران خان نے کہا تھا مسئلہ کشمیر حل کرنے والا نوبل انعام کا حق دار ہے۔ واضح رہے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے قدم اٹھانے پروزیراعظم عمران خان کو بھارت سمیت دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔اسی سلسلے میں وزیراطلاعات فواد چودھری نے عمران خان کے لیے نوبل امن انعام کی نامزدگی کے لیے مطالبہ کیا تھا جس پروزیراعظم نے خود کو اس کا حقدار نہ کہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا حل کرنے والے کو اہل قرار دیا تھا۔