کراچی میں اندھی گولی کا نشانہ بننے والی بچی چل بسی

242

کراچی: کراچی کے علاقے سعید آباد کے اسکول میں دوروز قبل اندھی گولی کا نشانہ بننے والی بچی اقصیٰ دم توڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پہلی جماعت کی بچی اقصیٰ جمعہ کے روز اس وقت اندھی گولی کا شکار ہوکر شدید زخمی ہوگئی تھی جب وہ وقفے کے دوران اسکول کے میدان میں کھیل رہی تھی۔

طالبہ کو فوری طور پہلے سول اسپتال پھر جناح اسپتال سے ملحق قومی ادارہ برائے امراضِ اطفال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ تین روز تک زندگی کی جنگ لڑتے ہوئے آج صبح دم توڑ گئی۔

سربراہ این آئی سی ایچ ڈاکٹر جمال رضا نے بتایا کہ اقصیٰ کی گردن کے قریب گولی لگی تھی جو سیدھی طرف سے کمر میں پھنس گئی اور اس کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ 48 گھنٹوں سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں موجود بچی کے جسم میں گولی موجود تھی، آج صبح اقصی کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا،جس پر اسے وینٹی لینٹر پررکھا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے بچی کو بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ